ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ پر متنازع سوشل میڈیا ٹوئٹ کے معاملے میں 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
بورڈ کے مطابق یہ کارروائی سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر کی گئی۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 27 مارچ 2026 کو نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں ان کے سوشل میڈیا رویے سے متعلق مختلف خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی۔ بعد ازاں کھلاڑی کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا جس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے کیس کی باقاعدہ سماعت کی۔ کمیٹی نے نسیم شاہ کے مؤقف اور ان کی جانب سے دی گئی غیر مشروط معافی کو مدنظر رکھا، تاہم یہ قرار دیا کہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اسی بنیاد پر ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ سنایا گیا۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے معاملے کے بعد اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کر دیا ہے۔ مزید یہ کہ بورڈ نے بھی اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ آئندہ پی سی بی کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کر سکے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط برتنا ناگزیر ہے۔