اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کو گرفتار کر لیا گیا،نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کووفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پہلے وفاقی دارالحکومت میں ان کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔
ایجنسی کے سا ئبر کرائم ونگ (CCW) کی طرف سے کل رات دیر گئے ایک مقدمہ درج کرنے کے بعد پی ٹی آئی رہنماکو ان کے مبینہ متنازعہ ٹویٹس پر گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اعظم سواتی پر اداروں کے خلاف بیانات دینے اور لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے۔
وہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے تیسرے سینئر رہنما ہیں جنہیں ایف آئی اے نے سیف اللہ خان نیازی اور حامد زمان کے بعد گرفتار کیا ہے۔ تاہم، نیازی اور زمان سے پارٹی کو ممنوعہ فنڈنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی گرفتاری کی مذمت کرتی ہے۔
اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اعظم سواتی کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔