اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے جس کے دوران لاہور میں سابق اراکین قومی اسمبلی سمیت بجلی چوروں کے 300 سے زائد نام سامنے آئے ہیں۔
ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور اسلام آباد پولیس نے متعدد بجلی چوروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔
دوسری جانب لاہور سمیت لیسکو ریجن میں بھی گرینڈ آپریشن کیا گیا جس میں سابق رکن قومی اسمبلی سمیت 300 سے زائد بجلی چوروں کے نام سامنے آئے جن کے خلاف 130 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پشاور میں بھی قانون حرکت میں آیا جہاں بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جب کہ میرپور خاص، نواب شاہ، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو الہ یار اور سندھ کے دیگر شہروں میں کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب کیسکو چیف عبدالکریم جمالی نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقوں نوشکی، پشین، خانوزئی اور لورالائی میں 67 بجلی چوروں کے کنکشن منقطع کیے گئے اور بجلی کے آلات ضبط کیے گئے، جب کہ بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی درخواستیں جمع کرائی گئیں۔
عبدالکریم جمالی نے بتایا کہ بلوں کی عدم ادائیگی پر 23 لاکھ روپے مالیت کی نان پرفارمنگ سیمنٹ فیکٹری اور 44 لاکھ روپے مالیت کی نان پرفارمنگ آئس فیکٹری کے کنکشن بھی منقطع کردیئے گئے ہیں۔