اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز ) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 روایتی حریفوں کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بی سی سی آئی نے انڈیا پاکستان ورلڈ کپ کے لیے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے جس میں ایک لاکھ سے زائد شائقین کرکٹ کے براہ راست میچوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن کے اختتام پر ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر سکتی ہے۔سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان اپنے ورلڈ کپ کے میچ چنئی اور بنگلورو میں کھیل سکتا ہے، جب کہ کولکتہ کے مشہور ایڈن گارڈنز کو بھی پاکستان کے میچوں کے لیے ممکنہ مقام قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
ون ڈے ورلڈ کپ کے میچز کب او ر کہاں ہونگے ،ممکنہ شیڈول سامنے آگیا
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے حوالے سے قومی امنگوں کے مطابق دوٹوک موقف اپنائیں گے۔اس سے قبل بھارتی بورڈ ایشیا کپ میں اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کرچکا ہے جس پر پاکستان نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو گرین شرٹس کے لیے ایشیا کپ میں شرکت ممکن نہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو بھارت میں سیکیورٹی مسائل کا سامنا ہے، اس لیے اپنی ٹیم بھیجنے کے لیے حکومتی منظوری درکار ہوگی۔واضح رہے کہ آئی سی سی میگا ایونٹس کا شیڈول ایک سال قبل جاری کر دیا جاتا ہے، 2019 میں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے گزشتہ ورلڈ کپ کے میچز کی تاریخوں اور مقامات کا اعلان بھی 12 ماہ قبل کیا گیا تھا تاہم اس بار پیچیدہ صورتحال کے باعث جس کی وجہ سے غیر معمولی تاخیر دیکھی جا رہی ہے۔