اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارت کے وہ شہر سامنے آ گئے ہیں جو **افتتاحی میچ، سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا۔ بھارت اس ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن ہے، جس نے 2024 میں امریکا اور کیریبین میں منعقدہ ایڈیشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کو سب سے اہم مقام قرار دیا گیا ہے، جہاں ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ اور فائنل دونوں کھیلے جائیں گے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے اور شائقین کی سب سے زیادہ گنجائش رکھتا ہے۔دوسری جانب ممبئی کا وانکھیڈے اسٹیڈیم ایک سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا، جبکہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل ہونے کا امکان پیدا ہوا تو وہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا۔بھارت میں میچز کے لیے پانچ شہروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، ممبئی، دہلی، کولکتہ، احمد آباد اور چنئی۔ جبکہ سری لنکا کی جانب سے ایک مقام کا انتخاب کیا جائے گا، جو ان میں سے کوئی بھی ہو سکتا ہے کولمبو، پالی کیلے، ڈمبولا یا ہمبن ٹوٹا ،کرکٹ بورڈ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان **شیڈول فائنل مرحلے میں ہے اور اگلے ماہ آئی سی سی کی جانب سے باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔