اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے لوگوں سے کہا گیا کہ عمران خان پر کاٹا لگا دیا گیا ہے اس کا ساتھ نہیں دینا
سابق وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک احتجاج کا پرامن طریقہ ہے، حکومت جو ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے وہ سب کے سامنے ہے، حکومت جیل بھرو تحریک سے تنگ آچکی ہے شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل بھیج دیا گیا
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار سینئر رہنماؤں کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ پشاور میں بھی لوگ جیل بھرو تحریک کے لیے نکل آئے میرے خلاف 70 مقدمات درج ہوئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 75 سالہ اعظم سواتی کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ویڈیو بنائی گئی، شہباز گل کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، آئین کے مطابق عام آدمی کی عزت کو پامال نہیں کیا جا سکتا، سری لنکا میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور حکمرانوں کے گھر جلائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور زرداری سے بڑا ڈاکو کوئی نہیں، حکمرانوں کو احساس ہی نہیں کہ عوام کیسے جی رہے ہیں، مہنگائی کی وجہ سے گھروں میں لڑائیاں ہیں، موجودہ حکومت کہہ رہی ہے کہ مہنگائی مزید بڑھے گی۔ . ججوں کے لیے یہ فیصلہ کن لمحہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اپنے امپائرز سے کھیلتے تھے، الیکشن کمیشن کو ہمارے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، نگران حکومت کا کام صاف اور شفاف انتخابات کرانا ہے، نگران حکومت 90 دن بعد کیسے روک سکتی ہے۔ بدقسمتی ہے کہ مجرم اقتدار میں بیٹھے ہیں۔