اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لندن: برطانوی عدالت نے ڈیلی میل ہتک عزت کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق لندن کی عدالت میں شہباز شریف کے ڈیلی میل ہتک عزت کیس کی سماعت جسٹس میتھیو نکلن نے کی۔
عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو مزید مہلت دینے سے انکار کر دیا۔
وکلا نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم پاکستان مصروف ہیں، جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیا جائے، جس پر جسٹس میتھیو نکلن نے ریمارکس دیئے کہ ان کی عدالت میں وزیراعظم اور عام آدمی برابر ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے داماد علی عمران تاحال عدالت میں ڈیلی میل کے دفاع کا جواب نہیں دے سکے۔ اگر شہباز شریف کیس میں جواب نہ دے سکے تو انہیں قانونی اخراجات ڈیلی میل کو ادا کرنا ہوں گے۔
مزید پڑھیں: ڈیلی میل نے شہباز شریف کے ہتک عزت کیس کا جواب جمع کرادیا۔
ڈیلی میل نے کیا شائع کیا؟
اطلاعات کے مطابق برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے داماد کے اثاثے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد آسمان کو چھونے لگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جواب میں رمضان شوگر مل کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ڈیلی میل کا دعویٰ ہے کہ ’’ہم نے کہانی شائع کرنے سے پہلے شریف خاندان کی رائے پوچھی تھی۔
اخباری حکام کے مطابق ڈیوڈ روز کی سلمان شہباز سے دو بار بات ہوئی، مریم اورنگزیب اور اعظم تارڑ سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔