بھارت میں خطرناک وائر س پھیل گیا،ٹی 20 ورلڈ کپ خطرے میں پڑ گیا

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت میں مہلک نیپاہ وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے کامیاب اور محفوظ انعقاد پر سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

یہ وبائی صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں، آفیشلز اور شائقین ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ رہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، تاہم بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں نیپاہ وائرس کے کم از کم 5 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ متاثرہ افراد میں طبی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں، جس سے وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 100 سے زائد افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ پانچ افراد میں کولکتہ کی دو نرسیں بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مقامی صحت حکام نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی اقدامات نافذ کرتے ہوئے نگرانی سخت کر دی ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نیپاہ وائرس کو پہلے ہی ایک ہائی رسک اور خطرناک پیتھوجن قرار دے رکھا ہے اور اسے ممکنہ عالمی وبا بننے کے خدشے کے پیش نظر “Priority Pathogen” کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق نیپاہ وائرس عام طور پر چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، زیادہ تر آلودہ پھلوں کے استعمال کے ذریعے، جبکہ انسان سے انسان میں منتقلی کے کیسز بھی ماضی میں سامنے آ چکے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیپاہ وائرس کی سب سے بڑی تشویش ناک بات یہ ہے کہ اس کے لیے تاحال کوئی مؤثر ویکسین یا مخصوص علاج دستیاب نہیں، جبکہ اس کی شرحِ اموات کافی زیادہ دیکھی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وائرس کے پھیلاؤ نے نہ صرف بھارتی حکام بلکہ بین الاقوامی اداروں کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔
ادھر رپورٹس کے مطابق نیپاہ وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ایشیائی ہوائی اڈوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور بھارت آنے والے مسافروں کی اسکریننگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔ صحت کے ماہرین کی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔یہ وبائی صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ورلڈ کپ جیسے بڑے عالمی ایونٹ کے لیے لاکھوں شائقین کی آمد متوقع ہے۔
جس سے ایونٹ کی سکیورٹی، صحت عامہ اور امن و امان کے حوالے سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔ کرکٹ حلقوں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو آئی سی سی اور میزبان ممالک کو ایونٹ کے انتظامات پر نظرثانی کرنا پڑ سکتی ہے۔تاحال آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ حکام کی جانب سے ورلڈ کپ کے شیڈول یا مقامات میں کسی ممکنہ تبدیلی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور آئندہ دن اس حوالے سے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں