اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز) برٹش کولمبیا کے پریمئیر ڈیوڈ ایبی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بی سی فیری کے مسافروں کو بھی وہی مالی رعایت دے جو وزیرِ اعظم مارک کارنی نے حال ہی میں اٹلانٹک کینیڈا کی فیری سروسز کے لیے اعلان کی ہے۔
جس کے تحت یکم اگست سے مشرقی کینیڈا میں مسافروں، گاڑیوں اور کمرشل ٹریفک کی فیری فیس آدھی کر دی گئی ہے۔ایبی نے اس اقدام کو "ساختی ناانصافی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ "اب وقت آ گیا ہے کہ اس ناانصافی کا خاتمہ کیا جائے۔
"ایبی کے مطابق برٹش کولمبیا ہر سال اربوں ڈالر دوسرے صوبوں کو مساوی مالی ادائیگیوں کی مد میں دیتا ہے، جبکہ مشرقی کینیڈا کے فیری مسافروں کو پہلے ہی 300 گنا زیادہ وفاقی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "برٹش کولمبیا کو گزشتہ 20 سال سے وفاقی سبسڈی میں کوئی اضافہ نہیں ملا، جبکہ مشرقی ساحلی علاقوں کے مسافروں کو مسلسل فائدہ دیا جا رہا ہے۔”ایبی کا مؤقف ہے کہ یہ عدم توازن ایک دیرینہ شکایت ہے جو کئی سابقہ بی سی پریمیئرزاور وفاقی حکومتوں کے درمیان موجود رہی ہے، اور اس کا حل سادہ ہے:”ہمیں فی کس وہی فنڈنگ درکار ہے جو کسی بھی دوسرے صوبے کو دی جاتی ہے۔
چاہے وہ اقتصادی پروگرام ہو، فیری سبسڈی، سڑکوں کی تعمیر، امیگریشن، ہیلتھ کیئر یا چائلڈ کیئر فنڈنگ — ہر چیز میں برابری کی بنیاد پر فنڈنگ ہونی چاہیے۔”ایبی نے کہا کہ وہ اسی حوالے سے بی سی کے لبرل ارکانِ پارلیمنٹ سے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وفاقی حکومت آئندہ بھی صوبے کے مفادات کو مدنظر رکھے اور برٹش کولمبیا کو ہر نئے قومی پروگرام میں مساوی حصہ دیا جائے۔