اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نیپال میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اموات کی تعداد بڑھ کر 192ہو گئی ہے،عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیپال کی وزارت داخلہ کے ترجمان رشی رام تیواڑی کے مطابق مزید 30افراد لاپتہ اور 194زخمی ہوئے ہیں، اب تک 4,500سے زیادہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے اور سکیورٹی فورسز متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شدید بارشوں کے بعد حکام نے نیپال بھر میں تین دن کے لیے سکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 1,327مکانات تباہ ہوئے ہیں اور ملک بھر میں 19بڑی شاہراہیں مختلف حصوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں جنہیں کھولنے کے لئے سکیورٹی فورسز کو متحرک کردیا گیا ہے،نیپال میں اس سال بارش اور اس سے متعلقہ حادثات و واقعات میں 260سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔