اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بجلی کے بلوں میں ٹی وی فیس کے ساتھ ریڈیو فیس بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ بجلی کے بلوں میں ریڈیو کی فیس کے ساتھ ٹی وی کی فیس بھی شامل ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق بجلی کے بل کی مد میں 35 روپے ٹی وی اور 15 روپے ریڈیو فیس وصول کی جائے گی جس کی سفارش سینیٹ کمیٹی نے کی تھی جس پر کام کیا جا چکا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اداروں کی نجکاری کا معاملہ پالیسی کا معاملہ ہے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کی سفارش کی جس کے لیے وزارت خزانہ کو فنانس کمیٹی سے 55 سفارشات موصول ہوئیں۔
واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے کی شرائط اور بجلی کی نئی قیمتوں کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا ہے۔ صارفین پر اس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
دوسری جانب بجلی کے پیک آورز کے دورانیے میں 2 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب بجلی کے اوقات کار شام 6 سے 10 بجے کے بجائے 5 سے 11 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے