اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیووز)سیلاب زدگان کے لیے امدادی رقوم کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے، وفاقی حکومت نے ایک ‘ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو عوام کو متعلقہ حکام کی جانب سے کیے گئے امدادی اقدامات سے باخبر رکھے گا۔
جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کردہ ڈیش بورڈ وزیرِ منصوبہ بندی اور نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے سربراہ احسن اقبال آج وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر لانچ کریں گے۔
یہ عام لوگوں کو ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں موصول ہونے والی مالی امداد اور امدادی سامان کے بارے میں براہ راست معلومات فراہم کرے گا۔
وزیراعظم ذاتی طور پر ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی نگرانی کریں گے۔
وزیراعظم نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ سیلاب زدگان کے لیے ملنے والی مالی امداد کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایک معروف آڈٹ فرم کرائے گا۔
وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زندگی کی سرگرمیاں بحال کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور سڑکوں، پلوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر امدادی اقدامات کی بحالی میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اجتماعی طریقہ کار اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے سڑکوں کی جلد بحالی اور صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے ایک جامع حکمت عملی کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔