اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا چھٹی کے روز اہم ترین اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا، کابینہ نے پارلیمنٹ کی بالادستی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں کابینہ کے بیشتر ارکان نے شرکت کی، وزیراعظم ہائوس میں وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام، وزیر ہا ئوسنگ مولانا عبدالواسع، وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی بھی موجود تھے۔ .
وفاقی وزرا ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور کابینہ کے بعض ارکان لاہور میں موجود تھے۔ اجلاس کے شرکا نے صدر کی جانب سے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کو واپس بھیجنے کی مذمت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر کا کردار پی ٹی آئی کے کارکن جیسا ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ سے منظور شدہ بل کو واپس بھیجنا افسوس ناک ہے۔ صدر کو آئین اور قانون کی پاسداری کرنی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ نہ ہوسکا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاملہ پارلیمنٹ میں لے جایا جائے ۔