اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لاہور قلندرز کو شکست، ملتان سلطانز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔
لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 8 کے پہلے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے 84 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم ملتان سلطانز کے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ملتان سلطانز مسلسل تیسری بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ لاہور کی جانب سے صرف تین کھلاڑی ڈبل فیگر میں آ سکے، سیم بلنگز نے 19، ہیرس روف نے 15 اور ڈیوڈ ویز نے 12 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں
پی ایس ایل 8 کے فائنل کیلئے امپائرز کا اعلان
ملتان کی طرف سے کوٹریل نے تین اور اسامہ میر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ کیرون پولارڈ نے 34 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 33، عثمان خان 29 اور ٹم ڈیوڈ 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل 2022 کی فاتح اور ملتان سلطانز رنر اپ رہی، ٹورنامنٹ کے جاری سیزن کے لیگ مرحلے کے دونوں میچز میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ لاہور کی ٹیم ابھی تک ایونٹ سے باہر نہیں ہوئی، ایلیمنیٹر ون کل اسلام آباد اور پشاور کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
مزید پڑھیں
پی ایس ایل فائنل،وزیر اعلی پنجاب شائقین کی سکیورٹی یقینی بنائیں،نجم سیٹھی
ایلیمنیٹر ون کی ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی، جب کہ جیتنے والی ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ لاہور قلندرز 16 مارچ کو ایکشن میں ہوں گی اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز سے ٹکرائے گی۔میچ میں ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان اور لاہور قلندرز کی کپتانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کی۔