اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل کا سنسنی خیز مقابلہ ، بھارت دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا۔ بارباڈوس کے برج ٹاؤن میں کھیلے جا رہے فائنل میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی۔اس موقع پر روہت شرما کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی، ہر کھلاڑی کو اپنے کردار اور کھیل کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست ہیں اور ایک بھی میچ نہیں ہاریں۔
ہندوستانی کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اننگز کا آغاز کیا اور شرما 23 کے مجموعی سکور پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد رشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے اور سوریا کمار یادیو 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کوہلی اور اکشر پٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت قائم کی، اکشر پٹیل 31 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کوہلی اور دوبے نے بھارتی بیٹنگ کو سنبھالا تاہم کوہلی 76 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ کوہلی نے 76، اکشر نے 47 اور شیوم دوبے نے 27 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نورکیا اور کیشو مہاراج نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کے 177 رنز کے ہدف میں جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی دو وکٹیں 12 رنز پر گر گئیں۔کوئنٹن ڈی کوک اور ٹرسٹن ٹبز نے تیسری وکٹ کے لیے 58 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی تاہم ٹرسٹن ٹبز 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ کوئنٹن ڈی کک 39 رنز بنا کر کلدیپ کو کیچ دے بیٹھے تاہم کلاسن نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 52 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔آخری اوور میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے لیکن سوریا کمار یادیو نے ہاردک پانڈیا کی گیند پر باؤنڈری پر ملر کا شاندار کیچ لیا۔ اگلی گیند پر 4 رنز بنائے، پھر تیسری گیند پر ایک رن بنا۔ چوتھی گیند پر بھی ایک رن آیا، اگلی وائیڈ بال تھی جس کے بعد ربادا پانچویں گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے اور بھارت سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسری بار ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بن گیا۔
104