اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) یوم دفاع آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
آج ہی کے دن 6 ستمبر 1965 کو بھارتی وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا تو برطانوی وزیر اعظم ہیرالڈ ڈولسن نے بھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت سے جنگ بندی کی اپیل کی۔
فیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں نے دشمن کے حملے کو پسپا کرنے کے لیے پیش قدمی کی ہے، ہماری مسلح افواج اپنی جرات اور بہادری کا ثبوت دیں گی، ہماری بہادر افواج کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ناقابل تسخیر اور ہمارا عزم کبھی پست نہیں ہوا، افواج پاکستان دشمن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔
6 ستمبر 1965 کو لاہور پر بھارت کے حملے کو پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ موثر کارروائی کی وجہ سے بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا گیا۔
پاک فوج کی شاندار حکمت عملی کے باعث لاہور کے محاذ پر بہت سے بھارتی ٹینک، بندوقیں اور دیگر جنگی ساز و سامان تباہ ہو گیا۔ متاثرہ علاقہ بھارتی فوجیوں کی لاشوں سے اٹا پڑا تھا جب کہ ہلاک شدگان کی تعداد 800 بتائی جاتی ہے۔چھمب کے مقام پر بھی بھارتی فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ جنگ میں پاکستانی عوام کا جوش و خروش بھی دیدنی تھا، ہزاروں شہریوں نے نعرے لگا کر اپنے فوجیوں کو داد دی۔