اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی فلسطین منایا جا رہا ہے، مختلف شہروں اور علاقوں میں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر غزہ پر اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کو بے نقاب کرنے اور مظالم کی فوری روک تھام کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
صدر زرداری نے فلسطینی عوام کی حوصلہ مندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا ہے اور غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی اورانسانی امداد کی فراہمی لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت پاکستان کے بنیادی اصولوں انصاف اور برابری پر مبنی ہےصدر مملکت نے کہا کہ فلسطینی عوام کے غیر متزلزل حوصلے نے تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے اور پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے اسرائیل کے جنگی جرائم پر مؤثر احتساب، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور مستقل جنگ بندی پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان مضبوط عزم کے ساتھ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہےانہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جرائم کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے۔