اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دونوں شہروں میں مجموعی طور پر 54 نئے ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے۔
راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 23 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد جولائی سے اب تک مریضوں کی تعداد 511 تک پہنچ گئی ہے۔ اس سال اب تک راولپنڈی میں 523 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 60 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
اسلام آباد میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 31 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 22 دیہی اور 9 شہری علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ بھارہ کہو سے 6، روت 4، ترائی 3، جبکہ علی پور، سوہان، سہالہ، ترنول اور بی سترہ سے دو دو کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ جی ایٹ، جی سیون، جی فورٹین، ایف سیون، ای الیون، ایف الیون، آئی فورٹین اور کورال سے ایک ایک کیس سامنے آیا۔
رواں ڈینگی سیزن میں اسلام آباد سے مجموعی طور پر 720 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، جس نے صحت حکام کی تشویش بڑھا دی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پانی کھلا نہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ڈینگی وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔