اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس: سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابی عمل میں ڈپٹی سپیکر رولنگ کیخلاف کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے فل کورٹ بنانے کی درخواست مسترد کر دی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے فل کورٹ بنانے کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے چوہدری شجاعت اور پیپلز پارٹی کو بھی فریق بننے کی اجازت دے دی تھی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کے بعد محفوظ کیے گئے فیصلے میں کہا گیا کہ فل بنچ کی تشکیل کی تمام درخواستیں مسترد ہیں اور یہ تین رکنی بینچ کل صبح ساڑھے گیارہ بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ فل کورٹ نہ بنانے سے متعلق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ اس سے قبل سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ فل کورٹ بہت سنگین اور پیچیدہ مقدمات میں بنتی ہے، یہ کیس پیچیدہ نہیں ہے۔