اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل کی جانب سے امن معاہدے کی کھلی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
تازہ ترین اسرائیلی حملوں میں مزید 6 فلسطینی زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی گولہ باری اور فائرنگ سے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وزارت نے بتایا کہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک 93 فلسطینی شہید اور 320 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں اور عورتوں کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مجموعی طور پر **68 ہزار 519 فلسطینی شہید او ر1 لاکھ 70 ہزار 382 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان اعداد و شمار نے علاقے میں انسانی المیے کی شدت کو مزید واضح کر دیا ہے۔اقوامِ متحدہ نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ غزہ میں کم از کم 15 لاکھ افراد فوری انسانی امداد کے محتاج ہیں ۔ عالمی ادارے کے مطابق، وہ فلسطینی جو جنگ بندی کے بعد اپنے تباہ شدہ گھروں کو لوٹے ہیں، انہیں ملبے کے ڈھیر، بھوک اور پیاس کے سوا کچھ نہیں ملا۔
دوسری جانب، مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کے حملے مسلسل جاری ہیں۔ ان حملوں میں فلسطینی گھروں، کمیونٹی مراکز اور زرعی زمینوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے علاقے میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے امن معاہدے کی خلاف ورزی نہ صرف غزہ میں انسانی بحران کو بڑھا رہی ہے بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔