اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پمز ہسپتال انتظامیہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر رانا عمران سکندر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام ضروری طبی ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پروفیسر رانا عمران سکندر کے مطابق عمران خان کو سیدھی آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، جس پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں مرض اور اس کے ممکنہ علاج کے بارے میں مکمل آگاہی دی گئی۔
اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عمران خان کو علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا مکمل معائنہ کیا اور تمام ضروری طبی اقدامات کیے۔
بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کے ماہر ڈاکٹروں کی تجویز پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور معائنے کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کی کہ عمران خان بالکل صحت مند ہیں۔
اس سے قبل سینیئر قانون دان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا تھا کہ عمران خان کو چھوٹے مسئلے کے لیے نہیں بلکہ کسی بڑے مسئلے کی وجہ سے اسپتال لایا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی اطلاع اہل خانہ تک نہیں پہنچی اور پمز اسپتال میں کوئی ریٹینا اسپیشلسٹ موجود نہیں تھا، جو سب سے بڑی تشویش ہے۔