اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر شدید دھند چھائی رہی، جس سے معمولات زندگی مفلوج اور سڑکوں پر ٹریفک میں خلل پڑا۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں دھند کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ موٹروے کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ون سیکشن پشاور ٹول پلازہ سے خیبرپختونخوا کے صوابی تک اور موٹروے ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے لیے جی ٹی روڈ کا استعمال کریں۔ انہوں نے ڈرائیوروں سے بھی زور دیا ہے کہ وہ آہستہ گاڑی چلائیں اور فوگ لائٹس آن کریں۔
موٹروے پولیس نے لوگوں سے گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ قومی شاہراہ پر صوبے میں کئی مقامات پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔