اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بیرونِ ملک مقیم معروف ایرانی دانشور ولی نصر نے ایک اہم دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ
ایران نے امریکہ کے ساتھ کسی بھی ممکنہ ڈیل کی صورت میں پاکستان سے ضمانت طلب کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں ولی نصر کا کہنا تھا کہ اس ممکنہ سفارتی پیش رفت کے تناظر میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دورۂ چین بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ان کے مطابق، اس دورے کا مقصد ممکنہ ایران-امریکہ معاہدے کی صورت میں چین سے بھی کسی قسم کی ضمانت حاصل کرنا ہو سکتا ہے۔
ولی نصر نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار ممکنہ طور پر اس تجویز پر پہلے ہی امریکہ اور چین دونوں کے ساتھ ابتدائی سطح پر بات چیت کر چکے ہوں گے، تاکہ کسی بھی سفارتی معاہدے کو قابلِ عمل اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ خطے میں ایک نئی سفارتی صف بندی کی نشاندہی کرے گا، جہاں ایران اپنی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے علاقائی طاقتوں کو بطور ضامن شامل کرنا چاہتا ہے۔
مزید برآں، ولی نصر نے یہ بھی کہا کہ چین اس وقت خطے میں ممکنہ جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں میں فرنٹ لائن کردار ادا کر رہا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ عالمی طاقتیں کسی بڑے تصادم سے بچنے کے لیے سرگرم ہیں۔تاحال اس حوالے سے پاکستان، ایران یا امریکہ کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم اس دعوے نے سفارتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔