اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) اسرائیل کی غزہ میں بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ، مزید متعدد فلسطینی شہید و زخمی
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کا مکمل کنٹرول سنبھال لے گی۔ غزہ پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے اور زمینی کارروائیاں جاری ہیں اور ایسی صورتحال میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کا مکمل کنٹرول حاصل کر لے گی۔نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں لڑائی شدید ہے، ہم پیش رفت کر رہے ہیں اور ہم غزہ کی پٹی کے تمام حصوں کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔ دوسری جانب خلیجی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک گھنٹے کے وقفے میں غزہ پر 30 فضائی حملے کیے ہیں جس میں صبح سے 32 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جب کہ اسرائیلی فوج نے شہریوں کو خان یونس سے نکالنے کا بھی حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ نیتن یاہو سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے بھی غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھالنے اور فلسطینیوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں بین الاقوامی دباؤ کے باعث وہ اپنے بیان سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔