اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چترال میں شدید سیلاب سے درجنوں مکانات بہہ گئے، سڑکیں اور پل ٹوٹ گئے، سینکڑوں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
دونین اور کوغوزی دیہات میں شدید سیلاب سے 8 مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ کوغوزی میں ریلے میں 4 دکانیں، موٹر سائیکلیں اور متعدد مویشیوں کے شیڈ بہہ گئے۔ کوغوزی کے مقام پر پل بہہ جانے سے ہر قسم کی ٹریفک بند ہو گئی ہے۔
چترال میں کڑی کے مقام پر پل گر کر دریا میں جا گرا۔ شدید سیلاب نے چترال کے شاہی قلعے کے 4 قدیم چنار کے درخت بہا دئیے۔ مقامی ذرائع کے مطابق چترال کے شاہی قلعے کو بھی سیلاب سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
سیلاب سے دریائے چترال کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اور اعوان ٹاؤن کا بڑا علاقہ زیر آب آ گیا ہے۔ سیلاب سے ہزاروں ایکڑ اراضی، باغات اور کھڑی فصلیں بہہ گئیں۔ نہری نظام اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب کے نتیجے میں نقصانات میں اضافے کا خدشہ ہے۔متاثرہ علاقوں میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔