اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کینیڈا میں بچوں کی ادویات کی قلت ہے، لیکن وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ ادویات کی ملکی پیداوار میں اضافہ ہی اس مسئلے کا صحیح حل ہو گا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ان ادویات کی ملکی پیداوار کے بجائے قابل اعتماد سپلائی چین اور معاہدوں کے ذریعے ادویات کی مطلوبہ مقدار حاصل کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں بچوں کی درد کش ادویات کی کئی ماہ سے قلت ہے۔ دوسری جانب سانس کے وائرس اور انفلوئنزا کے کیسز میں اضافے کے باعث اپنے بچوں کے بخار اور درد کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرنے والے والدین کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔
ہیلتھ کینیڈا نے بیرون ملک سے بچوں کی درد کش ادویات منگوالیں
ادویات کی قلت کے باعث ضروری ادویات کی تیاری میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔ لیکن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس دہندگان کے ڈالر کا بہترین استعمال نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہترین طریقہ کار اپناتے ہوئے ادویات کی اس کمی کو پورا کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسی وجہ سے انہیں دنیا کے کسی بھی کونے سے ادویات منگوانی پڑیں تو وہ انہیں منگوائیں گے۔
کینیڈین حکومت ان ادویات کی فراہمی کے لیے درآمدات پر منحصر ہے جن کی سپلائی کم ہے۔ ہیلتھ کینیڈا نے بیرون ملک سے ایسی دوائیوں کی 1·9 ملین شیشیوں کا آرڈر دیا ہے اور مزید پہنچنا باقی ہے۔ یہ انکشاف حکومتی ترجمان نے کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ان ادویات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے۔ لیکن اس دوران فارماسسٹ نے وارننگ جاری کی ہے کہ یہ درآمد کافی نہیں ہوگی۔