اردوورلڈ(ویب نیوز) 6 ماہ میں 450,000 پاکستانی ملک چھوڑ گئے،حکومت پاکستان کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے پہلے 6 ماہ کے دوران 4 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک منتقل ہوئے۔
ایک خلیجی اخبار نے اپنی رپورٹ میں امیگریشن بیورو کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی، کم تنخواہوں اور دیگر وجوہات کے باعث ساڑھے چار لاکھ پاکستانیوں نے بیرون ملک ہجرت کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ روزگار اور بہتر مستقبل کے لیے بیرون ملک ہجرت کرنے والوں میں ڈاکٹر، انجینئر، بینک منیجر، آئی ٹی ماہرین، سیلز مین اور عام مزدور شامل ہیں سب سے زیادہ لوگ سعودی عرب ہجرت کر گئے۔
دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات، تیسرے نمبر پر قطر، چوتھے نمبر پر عمان جبکہ پانچویں نمبر پر ملائیشیا ہے۔ 35 ہزار سے زائد قطر منتقل ہوئے۔
اسی طرح 34 ہزار سے زائد پاکستانی عمان، 8 ہزار کے قریب بحرین اور 16 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کے لیے ملائیشیا گئے۔
بیرون ملک جانے والے پڑھے لکھے پاکستانیوں میں تقریباً پانچ ہزار انجینئرز، مختلف کاروباری شعبوں کے تقریباً 24 ہزار منیجرز اور تقریباً دو ہزار ڈاکٹرز شامل ہیں۔