اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)خیبرپختونخوا، پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز افغانستان کا کوہ ہندوکش تھا اور اس کی گہرائی 173 کلومیٹر تھی۔
خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، پشاور، سوات مردان، صوابی، ہری پور، مردان، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فاروق آباد، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، مریدکے سمیت دیگر شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مقبوضہ کشمیر، بھارت، افغانستان اور تاجکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔