اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایڈمنٹن اور ریڈ ڈئیر (البرٹا) کو 2027 ورلڈ جونیئرز ہاکی چیمپئن شپ کی مشترکہ میزبانی سونپ دی گئی ہے۔
یہ اعلان ہاکی کینیڈا، کینیڈین ہاکی لیگ اور انٹرنیشنل آئس ہاکی فیڈریشن نے منگل کے روز کیا۔ ٹورنامنٹ 26 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 تک منعقد ہوگا۔اس سے قبل دونوں شہروں کو 2021 کے ایڈیشن کی میزبانی کا اعزاز دیا گیا تھا، تاہم کووڈ-19 پابندیوں کے سبب تمام میچز ایڈمنٹن کے راجرز پلیس میں بغیر شائقین کے کھیلے گئے۔ بعد ازاں 2022 کی میزبانی بھی انہی شہروں کو ملی، مگر اومی کرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے باعث ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا گیا۔ یہ ایونٹ بعد میں اگست میں راجرز پلیس میں کرایا گیا لیکن شائقین کی حاضری انتہائی کم رہی۔
فیڈریشن حکام کے مطابق ٹکٹوں کی زیادہ قیمت، غیر معمولی شیڈول اور 2018 کی کینیڈین جونیئر ٹیم کے خلاف سامنے آنے والے جنسی اسکینڈل نے بھی شائقین کی دلچسپی متاثر کی۔2027 کے ایڈیشن میں 18,500 نشستوں پر مشتمل راجرز پلیس مرکزی مقام ہوگا جہاں 17 میچز، بشمول سیمی فائنلز اور فائنل میچز کھیلے جائیں گے۔ ریڈ ڈئیر کے 7,050 نشستوں والے مارچنٹ کرین سینٹریم میں 14 میچز کا انعقاد ہوگا۔
اس سے قبل 1995 میں ریڈ ڈئیر، ایڈمنٹن اور کیلیگری نے مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی، جبکہ 2012 میں ایڈمنٹن اور کیلیگری نے بھی اسے مل کر منعقد کیا تھا۔دوسری جانب، 2026 ورلڈ چیمپئن شپ کی میزبانی امریکی شہر منی ایپلس اور سینٹ پال کریں گے۔ میزبان امریکا 2025 میں اوٹاوا میں ٹائٹل جیتنے کے بعد دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گا۔