اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔
عید الفطر کے علاوہ مسلمانوں کا دوسرا اہم تہوار عید الاضحی ہے جو کہ قمری کیلنڈر کے آخری مہینے ذوالحج کی 10 سے 12 تاریخ تک منایا جاتا ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، خلیجی ریاستوں اور یورپ کے بعض ممالک میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور مسلمانوں نے عاجزی سے اللہ کے حضور دعائے مغفرت کی۔
نماز عید کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں جب کہ حجاج کرام قربانی کے بعد اپنے سر منڈوائیں گے اور احرام کھولیں گے۔
سعودی عرب میں لاکھوں عازمین نے مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاری اور نماز عید سے قبل مسجد الحرام میں فجر کی نماز ادا کی۔
قبل ازیں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ یوسف محمد نے کہا کہ جو شخص اللہ اور اس کے رسول (ص) کی اطاعت کرے گا وہ ہمیشہ جنت میں جائے گا اور یہ اصل کامیابی ہے.
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اس دنیا میں فیصلے اور نظام کا ذمہ دار صرف اللہ تعالیٰ ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں بھی مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے جس میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی اور سنت ابراہیمی پر عمل کیا۔
برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ میں بھی کچھ کمیونٹیز آج اور کچھ کل (جمعرات) کو عید الاضحی منائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت بعض ممالک میں کل عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔