اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے انتخابی مہم کا آغاز فیصل آباد سے کیا ہے، ہم الیکشن جیت کر دوبارہ ترقی کا سفر شروع کریں گے۔ پی ٹی آئی نے 4 سال میں فیصل آباد میں کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔
فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دھمکیوں سے دبائو میں نہیں آئیں گے
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ کو جب بھی موقع ملا عوامی خدمت کی، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ترقیاتی کام نہیں کیے، 2018 سے پہلے ملک میں موٹرویز بن رہی تھیں، ملک ترقی کر رہا تھا لیکن عمران خان کو سازش کے تحت لایا گیا، 2018 میں ملک پر مسلط کی گئی بغاوت نے ترقی کو روک دیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سی پیک 2020 میں مکمل ہونا تھا لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی 2018 میں آئی، سی پیک مکمل ہو جاتا تو آج ملک کو بحرانوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب بھی بحران آیا مسلم لیگ ن نے آگے بڑھ کر ملک کو سنبھالا۔ اب سب جانتے ہیں کہ عمران خان کو کیسے لایا گیا، آج ثاقب نثار پی ٹی آئی کے ٹکٹ بیچ رہے ہیں۔