اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ آٹھ قومی اور تین صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات شیڈول کے مطابق 16 اکتوبر کو ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت کمیشن کے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی، این اے 45، ضلع کرم میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ کرم میں ضمنی انتخابات کی پولنگ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اجلاس میں کراچی کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے سیکریٹری عمر حامد خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمیشن نے کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے تاہم ان انتخابات میں اپنی خدمات کے حوالے سے صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی رائے درکار ہے تاکہ انتخابات پرامن ماحول میں کرائے جائیں ووٹرز پولنگ کے دن اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان، الیکشن کمیشن کے سیکریٹریز، وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ اور دیگر نے شرکت کی۔