اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سیکرٹری الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی زیر صدارت عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اب تک کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں تمام ونگز کے انچارجز اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتظامات کی فوری تکمیل اور انتخابی سامان کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں واضح کیا گیا ہے کہ انتخابی تیاریوں کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، صوبائی الیکشن کمشنر اور ایڈمنسٹریٹو ڈائریکٹر جنرل الیکشن اسلام آباد الیکشن کمیشن سے ضروری نقشوں اور دیگر ڈیٹا کی بروقت حصول کو یقینی بنائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں نگران کمیٹی بنا دی ہے جو تمام معاملات کی تکمیل کو یقینی بنائے گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگرا ن حکومتوں کو جاری کردہ ہدایات میں مزید توسیع کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نگران حکومت کسی بھی طرح انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کرے گی اور جاری معاہدوں پر عمل کرے گی۔