اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ انہیں مستقبل بعید میں الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے اور عمران خان بھی الیکشن نہیں چاہتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان میں کسی سے ایک فیصد بھی خطرہ نہیں، لیکن عمران خان جو بار بار کہہ رہے ہیں کہ یہ لوگ مجھے مارنا چاہتے ہیں، اس سے کوئی بھی ملک فائدہ اٹھا سکتا ہے
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو ابھی تک نہیں معلوم کہ ان کے مشیر ان کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، انہوں نے ہمیشہ خان صاحب کو کھل کر کہا کہ فلاں بے ایمان، کرپٹ، عمران خان کے قریب سانپ ہیں
انہوں نے کہا کہ مجھے الیکشن ہوتے دور نظر نہیں آرہے اور عمران خان بھی الیکشن نہیں چاہتے۔
اسلام آباد کے زمان پارک اور جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والے واقعات کے حوالے سے فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کبھی تشدد نہیں ہوا اور ہم سب اس چیز کے خلاف تھے، ہم الطاف حسین کی دہشت گردی کے خلاف کھڑے تھے آج وہی کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ اسی طرح لائی جس طرح مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کو لایا گیا تھا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر کسی کا اقتدار میں آنا ناممکن ہے۔