اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لندن میں عام انتخابات آج ہونگے ، پولنگ کی تیاریاں مکمل ، عوام آج اپنے حکمرانوں کو منتخب کرنے کے لیے ووٹ دیں گے۔پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کے لیے اپوزیشن لیبر پارٹی، حکمران کنزرویٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، سکاٹش نیشنل پارٹی، ریفارمز اور دیگر سیاسی جماعتوں اور 4500 سے زائد آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔انتخابات میں برطانوی پاکستانی امیدوار بھی میدان میں ہیں، گزشتہ انتخابات میں 15 برطانوی پاکستانی کامیاب ہوئے اور پارلیمنٹ کا حصہ بنے۔کل 650 نشستوں میں سے 533 انگلینڈ، 59 سکاٹ لینڈ، 40 ویلز اور 18 شمالی آئرلینڈ سے ہیں۔عام انتخابات کے لیے پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان 5 جولائی کو کیا جائے گا۔آج کی پولنگ کے لیے 40،000 سے زیادہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جب کہ تقریباً 50 ملین ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔برطانیہ میں پہلی بار ووٹ ڈالنے کے لیے شناخت کو لازمی قرار دیا گیا ہے، پریشان حال برطانوی عوام توقع کرتے ہیں کہ آنے والی حکومت ان کے مسائل کا فوری اور دیرپا حل تلاش کرے گی۔کسی بھی سیاسی جماعت یا جماعتوں کے اتحاد کو انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے لیے کم از کم 326 نشستوں کی ضرورت ہوگی۔انتخابات کے بعد نو منتخب ارکان 9 جولائی کو ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں حلف لیں گے اور اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔
134