اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات آئین کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ جمہوری حکومت عوام کے مسائل حل کر سکے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ عام انتخابات کے لیے تیار ہے اور بھرپور طریقے سے اس میں حصہ لے گی۔
پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک بھر میں نوجوانوں کو متحرک کیا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی اور ذیلی تنظیمیں اپنا متحرک اور موثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہیں اور عام انتخابات میں کامیابی کے لیے کارکنان گھر گھر پہنچیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوری نظام میں خواتین کی فعال شمولیت کے بغیر انتخابات میں بہتر نتائج حاصل کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے تحصیل، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر خالی پارٹی آسامیاں فوری پر کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ نگرا ن حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز بھی منجمد کیے ہیں اور سندھ کے سرکاری اسپتالوں کے فنڈز بھی روک دئیے ہیں۔ مراد علی شاہ کی بریفنگ پر چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ بدترین مہنگائی میں عام آدمی کے مسائل حل کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔