اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جمہوری ملک میں پیسے نہیں ہونے کی وجہ سے انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہئیں۔ اللہ چیف جسٹس کو ریفرنس سے بچائے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بعض اوقات غلط صورتحال میں بھی اچھا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعظم سے کوئی نجی ملاقات نہیں ہوئی، الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ عدالت کرے، الیکشن کب ہوں گے فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ میں نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہو گا، ملک جمہوری راستے پر نہیں جائے گا اور جمہوریت چلتی رہے گی، مارشل لاء کسی بھی صورت میں نہیں لگانا چاہیے، آمریت کی بات ہلکے پھلکے موڈ میں بھی نہیں ہونی چاہیے
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مردم شماری کے باعث بھی الیکشن ملتوی کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، سیاسی حکومت ان باتوں سے بہانے بنانا چاہتی ہے، جمہوریت میں اسمبلی کسی بھی وقت تحلیل ہوسکتی ہے الیکشن کمیشن حکومت کا دباؤ لے رہا ہے، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آتے ہی کہا کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے، اس لیے انہوں نے ان سے سیاست پر بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس ہوا تو دیکھوں گا۔ اللہ چیف جسٹس کو ایسے ریفرنس سے بچائے۔