ایلون مسک کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر یورپی یونین کی جانب سے بھاری جرمانہ

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) یورپی یونین کے ٹیک ریگولیٹرز نے ایلون مسک کی سوشل میڈیا کمپنی ایکس (X) پر

آن لائن مواد سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر 120 ملین یورو کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ اقدام یورپی یونین کے نئے قانون ڈیجیٹل سروسز ایکٹ (DSA) کے تحت کسی بڑی ٹیک کمپنی کے خلاف لگایا جانے والا پہلا بڑا جرمانہ ہے۔ فیصلے کے فوراً بعد ایلون مسک نے یورپی کمیشن کی پوسٹ کے جواب میں “Bullsh–t” لکھ کر ردِعمل دیا اور متعدد پوسٹس ری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آزادیِ اظہار جمہوریت کی بنیاد ہے اور عوام کا یہ حق ہے کہ وہ جان سکیں کہ وہ کس کے لیے ووٹ دے رہے ہیں۔ ادھر ٹک ٹاک جرمانے سے اس لیے بچ گیا کہ اس نے قانون کے مطابق کچھ اہم تبدیلیوں پر رضامندی ظاہر کردی۔
یورپی کمیشن نے امریکی حکام کی جانب سے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یورپی قوانین کسی قومیت کو نشانہ نہیں بناتے بلکہ یورپ کے شہریوں اور ڈیجیٹل ماحول کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہیں۔ کمیشن کی ٹیک چیف ہینا ورکّونن نے وضاحت کی کہ مقصد زیادہ سے زیادہ جرمانے لگانا نہیں بلکہ یہ یقینی بنانا ہے کہ کمپنیاں قوانین کی پابندی کریں، اور DSA کا تعلق کسی قسم کی سنسرشپ سے نہیں ہے۔ کمیشن کے مطابق ایکس نے کئی اہم خلاف ورزیاں کیں جن میں بلیو چیک مارک کے گمراہ کن ڈیزائن، اشتہارات کے ذخیرے میں شفافیت کی کمی اور محققین کو ڈیٹا تک رسائی نہ دینا شامل ہیں۔
امریکی حکومت نے جرمانے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اسے امریکی کمپنیوں اور عوام پر حملہ قرار دیا جبکہ ایف سی سی چیئرمین برینڈن کار کے مطابق یورپی یونین محض ایک کامیاب امریکی کمپنی کو سزا دے رہی ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی کہا کہ یورپی یونین کو آزادیِ اظہار کا ساتھ دینا چاہیے نہ کہ امریکی کمپنیوں کو بے بنیاد الزامات پر نشانہ بنانا چاہیے۔ دوسری جانب میٹا، ٹک ٹاک اور چینی ای پلیٹ فارم ٹیمو بھی یورپی یونین کے مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔
یورپی کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایکس کے پاس 60 سے 90 ورکنگ ڈیز ہیں جن میں اسے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تقاضوں کے مطابق عمل درآمد کے ٹھوس منصوبے جمع کرانے ہوں گے۔ بصورتِ دیگر کمپنی پر مزید بھاری جرمانے لگائے جا سکتے ہیں جو عالمی سالانہ آمدن کے 6 فیصد تک ہو سکتے ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ تحقیقات کا مقصد صرف شفافیت، محفوظ آن لائن ماحول اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے، اور اس سلسلے میں تمام کمپنیوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کیا جائے گا۔

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں