اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) یورو کپ فٹبال 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم نیدرلینڈز کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔میچ کے اختتام سے ایک منٹ قبل تک دونوں ٹیمیں ایک ایک گول سے برابر تھیں تاہم انگلینڈ کے اولی واٹکنز نے آخری لمحات میں گول کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔میچ کے ابتدائی 15 منٹ میں ہالینڈ کی ٹیم کا انداز جارحانہ نظر آیا، ہالینڈ کے کھلاڑی شروع سے ہی انگلینڈ کے گول پوسٹ پر حملے کرنے کی کوشش کرتے رہے جس کے نتیجے میں میچ کے 7ویں منٹ میں گول ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں
یورو کپ،فرانس کو شکست ، اسپین نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
ہالینڈ کے زیوی سمنز نے ساتویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں کھیلے گئے یورو کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہیری کین نے 18ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔گول برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں ٹیمیں ناکام رہیں۔میچ کے اختتام سے ایک منٹ قبل ایسا لگ رہا تھا کہ میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس سے ہو گا لیکن پھر انگلینڈ کے اولی واٹکنز نے 90ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔یورو کپ 2024 کا فائنل 15 جولائی کو اسپین اور انگلینڈ کے درمیان برلن میں کھیلا جائے گا۔