اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان میں عمران خا ن تک محفوظ نہیں، بھارت ایشیا ء کپ کھیلنے کیوں جائے،سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ بھی رواں سال پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے حوالے سے بول پڑے
پاکستان کو رواں سال ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی ہے جب کہ بھارت نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کی رائے ہے کہ ایشیا کپ کو پاکستان سے کسی اور ملک میں منتقل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں
ایشیاء کپ ، بھارت کے میچز یو اے ای میں ہونگے ، بھارتی میڈیا کا دعوی
بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کے باعث پاکستان نے اس سال بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کی دھمکی بھی دی ہے۔اس صورتحال میں سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں
بھارتی بورڈ کی پوزیشن نہ بدلی تو ایشیا کپ کسی غیر جانبدار مقام پر کرایا جا سکتا ہے،نجم سیٹھی
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں جائے گا کیونکہ وہاں کے حالات بہتر نہیں ہیں، آئے روز کچھ نیا ہو رہا ہے، ان کے سابق وزیراعظم عمران خان بھی پاکستان میں محفوظ نہیں ہیں۔ کچھ لوگوں نے گولیاں چلائیں، ایسی صورتحال میں بھارتی ٹیم پاکستان جا کر ایشیا کپ کیوں کھیلے ؟
انہوں نے کہا کہ میری نظر میں بھارت کو کسی بھی حالت میں پاکستان نہیں جانا چاہیے اور ایشیا کپ کے میچز بھی نیوٹرل وینیوز پر کھیلے جانے چاہئیں۔ اس کے علاوہ ہربھجن نے کہا کہ اگر آئی سی سی ایونٹس پاکستان میں منعقد ہوں تب بھی بھارت کو وہاں نہیں جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 نومبر کو وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے میں پی ٹی آئی چیئرمین سمیت 13 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔