اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پشاور کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس اسٹیشن میں اسلحہ خانے میں موجود بارودی مواد اچانک پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا اسلحہ اسٹور میں رکھے گئے **پرانے دھماکا خیز مواد** کے پھٹنے سے ہوا، جس کے بعد آگ بھڑک اُٹھی اور شعلے دوسرے گولہ بارود تک بھی پھیل گئے، جس کے باعث مزید چھوٹے پیمانے کے دھماکے بھی سنے گئے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سی ٹی ڈی، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر فوری طور پر **تمام زیرِ حراست افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا** اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید نے ابتدائی معلومات بتاتے ہوئے کہا کہ بظاہر یہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ نہیں لگتا، بلکہ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے وہاں رکھا بارودی مواد پھٹ گیا۔انہوں نے کہا کہ "ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکے میں ایک سی ٹی ڈی اہلکار موقع پر شہید ہوا، جبکہ دو زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔”
سی ٹی ڈی کی تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ تھانے میں 2025 کے مختلف کیسز سے برآمد شدہ بارودی مواد موجود تھا، اور امکان ہے کہ وہی مواد حادثاتی طور پر دھماکے کا باعث بنا۔آئی جی خیبرپختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سے **پانچ دن کے اندر تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔