اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع سانگا ریڈی میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 34 ہوگئی ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز صنعتی علاقے میں پیش آیا جب فیکٹری میں اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق، کئی شدید زخمی افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 34 ہوگئی ہے۔ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے اور کچھ کی حالت بدستور نازک بتائی جارہی ہے، جس سے خدشہ ہے کہ اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالنے اور آگ بجھانے کا کام کیا۔ فیکٹری کے اطراف کا علاقہ دھوئیں اور کیمیکل کی بدبو سے متاثر ہوا، جس کے باعث نزدیکی رہائشی علاقوں کو بھی عارضی طور پر خالی کروایا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق، دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ فیکٹری میں کیمیکل کی غلط ہینڈلنگ یا حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث پیش آیا۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا "تلنگانہ کے سانگا ریڈی میں کیمیکل فیکٹری کے حادثے سے دل دہل گیا ہے۔ جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔”ریاستی حکومت نے بھی حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ فیکٹری مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اگر ان کی لاپروائی ثابت ہوئی۔