اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج اسلام آباد میں دھرنا دے گی تاہم دھرنا سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر یا کہیں اور دیا جائے گا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے دھرنے کی قیادت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ بھی ہیں اور ان کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔جمعیت علمائے اسلام (ف) نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو درخواست جمع کرائی تھی۔ اگر اجازت دی جائے تو مظاہرے کے لیے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کیے جائیں۔جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کے لیے ڈی سی اسلام آباد کو درخواست جمع کرادی ہے .
ہم اس سے قبل ملین مارچ، آزادی مارچ اور دیگر پروگرام کرچکے ہیں۔ ہم نے پنڈال کی تبدیلی کے حوالے سے میٹنگ کی تھی تو ہم نے ان سے کہا ہے کہ احتجاج پر امن ہوگا اور پنڈال کی تبدیلی ممکن نہیں۔واضح رہے کہ وفاقی وزراء دھرنے کی جگہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران مقام تبدیل کرنے کی اپیل کی تھی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مقام کا تعین آج صبح کیا جائے گا۔