اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جس نمبر سے فون کال آئی وہ چھتیس گڑھ کے علاقے رائے پور میں فیضان کے نام سے رجسٹرڈ اور ایکٹو ہے۔
پولیس کے مطابق چھتیس گڑھ کے رائے پور کے رہائشی فیضان نامی نوجوان نے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کال 5 نومبر کو دوپہر 1 بجکر 20 منٹ پر کی گئی تھی اور اس کی لوکیشن ایک فعال فون نمبر کے ذریعے ٹریس کی گئی تھی، کال کرنے والے نے تاوان ادا نہ کرنے کی صورت میں خان کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی تھی
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں شاہ رخ خان کو ان کی فلموں پٹھان اور جوان کی کامیابی کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جس کے باعث ممبئی پولیس نے ان کی سیکیورٹی بڑھا دی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو بھی لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔
27