اردو ورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز)عراق میں ایک باپ نے اپنی 22 سالہ یوٹیوبر بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جس کے بعد ملک بھر میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیبہ العلی کی ان کے والد کے ہاتھوں موت کی تصدیق عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے کی، ان کا کہنا تھا کہ طیبہ العلی ترکی میں مقیم تھیں اور ان دنوں عراق آئے تھے۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ واقعہ 31 جنوری کو پیش آیا، پولیس کو باپ بیٹی کے درمیان ہونے والی گفتگو کی کچھ ریکارڈنگز ملی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیبہ کے والد ترکی میں اکیلے رہنے سے خوش نہیں تھے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مقتول یوٹیوبر 2017 میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ترکی گئی تھی لیکن پھر عراق واپس جانے سے انکار کرتے ہوئے ترکی میں ہی رہنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ خاندانی جھگڑا 2015 سے چل رہا تھا جو اب طیبہ کی موت پر ختم ہو گیا۔
طیبہ العلی کے متعدد یوٹیوب فالورز تھے جنہوں نے طیبہ کی موت پر غصے کا اظہار کیا۔