اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر نے اپنا ہی ادارہ ختم کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ایک کروڑ سمندر پار پاکستانی ووٹ کے حق سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہو چکا ہے لیکن ن اور پیپلز پارٹی کی فارن فنڈنگ پر خاموشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 221 کے تحت پہلی بار چیف الیکشن کمشنر کے اختیارات برقرار رکھے اور صدر کا اختیار واپس لے لیا، چیف الیکشن کمشنر سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرے گی جس میں موجودہ الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی جائے گی۔
علاوہ ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ امریکا میں ایک کمیشن نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی مذمت کی ہے، جرمن سفیر نے انسانی حقوق کے حوالے سے عمران خان سے ملاقات کی، جب پاکستان بنا تو قائداعظم نے انسانی حقوق پر خصوصی توجہ دی، لیکن آج لاپتہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے، لاہور، کراچی، اسلام آباد سے لوگ اغوا ہو رہے ہیں، پرویز الٰہی کے گھر کے دروازے توڑ دیے گئے
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے معزز ججز کو نشانہ بنایا، ن لیگ چیف جسٹس اور نیب کیسز سننے والے دو ججز کو نشانہ بنا رہی ہے۔