اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔
گرفتاری کے بعد اسلام آباد کی مقامی عدالت میں فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، فواد چوہدری کی جانب سے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
فواد چوہدری کو ہتھکڑی لگ گئی، عدالت پیشی ،نیلسن منڈیلا کیخلاف بھی یہی مقدمہ درج کیا گیا تھا
فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے فواد چوہدری کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست منظور کرلی، عدالت نے فواد چوہدری کو 20 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ اخلاقی طور پر سب کا احترام ہونا چاہیے، ایسے بہت سے بیانات دے چکے ہیں، جس پر بابر اعوان نے کہا کہ سالوں تک اس طرح فیصلوں کی طرف جانا ممکن نہیں ہو گا۔
ایڈیشنل سیشن جج نے ریمارکس دیئے کہ اس شرط پر ضمانت دے رہے ہیں کہ فواد چوہدری یہ گفتگو دوبارہ نہیں کریں گے، پارلیمنٹیرینز ایسے بیانات نہ دیں۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن اور استغاثہ نے فواد چوہدری کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔