اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جیولرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں یا کم ٹیکس دے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق زیادہ تر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کر کے ٹیکس چھپا رہے ہیں۔
جیولرز کے کاروبار میں رجسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 57 ہزار میں سے صرف 20 ہزار ہی رجسٹرڈ ہیں، اور رجسٹرڈ تاجروں میں سے تقریباً 10 ہزار نے ہی ٹیکس ریٹرن فائل کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی ایک مارکیٹ میں بھی 50 سے زائد جیولرز رجسٹریشن اور ٹیکس کے تقاضوں سے باہر ہیں۔
اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں جیولرز کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ٹیکس ریٹرن ان جیولرز کے کاروبار، خرید و فروخت اور رہن سہن کے مطابق نہیں، اور کئی ہزار جیولرز اب بھی ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہو رہے۔ کم ٹیکس دینے والے تاجروں سے نوٹسز کے ذریعے وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔
ایف بی آر حکام نے کہا کہ تمام شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جا رہا ہے، اور کوئی بھی تاجر یا صنعت کار بلاوجہ ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ ہر فرد اپنے حصے کا ٹیکس ایمانداری سے ادا کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، اور ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ شادیوں پر بڑے اخراجات کرنے والے نان فائلرز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، اور شادیوں میں 20، 20 ہزار ڈالر کے سوٹ استعمال کرنے والے بھی حکام کی نظر میں آئیں گے۔