اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ پنجاب میں عوامی حمایت نہ ہونے کی وجہ سے انتخابی میدان سے بھاگنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کے سہارے مرضی کا نتیجہ نکالنے کی تیاری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے لکھا کہ خیبر پختونخوا میں الیکشن لڑنے کا اعلان اس لیے کیا جا رہا ہے کہ وہاں اپنی حکومت ہونے کے باعث دھاندلی کے مواقع میسر ہیں، لیکن پنجاب میں عوامی فیصلے کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں اقتدار اور حکومتی کرسی موجود ہو، وہاں انتخابات میں حصہ لینے پر زور دیا جاتا ہے لیکن جہاں عوامی طاقت فیصلہ کرے، وہاں بائیکاٹ کو راستہ بنایا جاتا ہے۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں دھاندلی کے سہارے انتخابی عمل میں شامل ہونا اور پنجاب میں عوامی شکست کے خوف سے راہ فرار اختیار کرنا ’’سیاستِ انصاف‘‘ نہیں بلکہ دوغلی پالیسی ہے۔
ان کے مطابق عوام کے اعتماد کے بجائے سرکاری مشینری استعمال کر کے جیتنے کی خواہش دراصل ٹوٹل دو نمبری ہے۔