وفاقی حکومت کا بڑا اقدام، 39 وزارتوں کا انضمام،24 ادارے فروخت کرنے کا فیصلہ

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کے تحت 39 وزارتوں کو ضم کرنے اور 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کے مطابق قومی ایئرلائن (PIA) کی نجکاری رواں سال کے اختتام سے پہلے مکمل کر لی جائے گی۔

کراچی میں منعقدہ "دی فیوچر سمٹ” کے نویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور بین الاقوامی ادارے بھی اس استحکام کو تسلیم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پائیدار ترقی نجی شعبے کی قیادت کے بغیر ممکن نہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت سہولت کار کا کردار ادا کرے، نہ کہ کاروبار چلانے کا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی سطح پر معاشی نظام تیزی سے بدل رہا ہے، کئی ممالک اصلاحات نافذ کر رہے ہیں، اور پاکستان کو بھی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے تیسرے سب سے بڑے فری لانس مارکیٹ کے طور پر سامنے آیا ہے، جبکہ برآمدات بڑھانے کے لیے آئی ٹی اور میری ٹائم شعبوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق گوگل نے پاکستان کو ایک ایکسپورٹ ہب بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، اور ڈیجیٹائزیشن سے قومی معیشت میں شفافیت اور اعتماد بڑھے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ "بلیو اکانومی” ملک کی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کو خطے میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستحکم معیشت خود کوئی آخری ہدف نہیں بلکہ سرمایہ کاری کے اعتماد کو بحال کرنے کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری مکمل ہو چکی ہے، جس کے خریدار نے ملٹی ملین ڈالر سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے، جب کہ تین پاور ڈسکوز اور پی آئی اے کی نجکاری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق وزارتوں کے انضمام اور غیر ضروری محکموں کی بندش پر 70 فیصد پیش رفت ہو چکی ہے، اور سرکاری ملازمین کو نجی شعبے کے برابر مراعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنشن اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے لیے آبادی میں تیز رفتار اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز پر فوری توجہ دینا ہوگی۔ ان کے مطابق ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی فنڈز دستیاب ہیں، جنہیں دانشمندانہ حکمتِ عملی کے تحت استعمال کرنا ضروری ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں